ڈاکٹر شاہد مسعود کو گرفتار کرنے کا حکم

اسلام آباد : پی ٹی وی کرپشن کیس میں معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پر اسپیشل سینٹرل جج ارم نیازی نے سماعت کی۔ عدالت نے درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا چاہئیے تھا، ملزم عدالت سامنے پیش نہیں ہوئے لہٰذا گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ قبل ازیں یکم جون کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

سینئر سول جج عامر عزیز نے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ سینئیر سول جج عامرعزیز نے ایف آئی اے کی درخواست پر سرکاری ٹی وی کے زرداری دور کے سربراہ اور صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق شاہد مسعود نے بطور ایم ڈی پی ٹی وی مبینہ طور پر 3 کروڑ 80 لاکھ کی بدعنوانی کی ۔ چئیرمین پی ٹی وی کے طور پر کرکٹ بورڈ کے میڈیا رائٹس حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنی سے معاہدہ کیا جس سے پی ٹی وی کو کروڑوں کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں