ایڈز ٹیسٹ کن مریضوں کا کروایا جائے؟ وزیر صحت نے حکم جاری کر دیا

ایڈز ٹیسٹ کن مریضوں کا کروایا جائے؟ وزیر صحت نے حکم جاری کر دیا

لاہوروزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ایک اجلاس میں پنجاب میں ٹی بی کے مریضوں کا ایڈز ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت تمام اضلاع میںٹیسٹ کٹس بھجوا دی گئیں۔ سوموار سے تپ دق کے مریضوں کی سکریننگ شروع کردی جائے گی۔ وزیر صحت نے پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سکریننگ ایک ماہ میں مکمل کر لی جائے تاہم انہوں نے کہا کہ کسی مریض کی اجازت کے بغیر اس کا ایڈز ٹیسٹ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا بین الاقوامی سطح پر تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ ٹی بی کے مریض میں ایڈز کے خدشات ہوتے ہیں۔ اس وقت صوبے میں صوبے میں ٹی بی کے ایک لاکھ 10 ہزار مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔

محکمہ صحت چاہتا ہے کہ ایسے مریضوں کی سکریننگ کرکے مربوط ڈیٹا اکٹھا کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے تپ دق کے علاج کا پروگرام کامیابی کے ساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے۔ صوبہ بھر میں ٹی بی علاج کے 644 مراکز کام کرارہے ہیں۔انہی مراکز کے تعاون سے ایڈز سکریننگ کا عمل سوموار سے شروع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایڈز ٹیسٹنگ کا کام دیے گئے ٹائم کے اندر مکمل کرلیا جائے۔ اس کام میں ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں