گرین لائن اے سی بزنس ٹرین کے کرایوں میں 10فیصد کمی کر دی گئی

راولپنڈی (نیوزڈیسک)پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کیلئے گرین لائن اے سی بزنس کے کرایوں میں 10فیصد کمی کر دی ہے جسے شہریوں نے قابل ستائش قدم قرار دیاہے ۔اے پی پی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ڈویڑنل کمرشل آفسیر پاکستان ریلوے راولپنڈی رضاعلی حبیب نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے راولپنڈی سے کراچی تک کا سفر کرنے والے

مسافروں کیلئے کرائے میں 600روپے کمی کی ہے ۔ راولپنڈی سے کراچی تک کا کرایہ 5990روپے سے کم کرکے 5340روپے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے لاہور تک گرین لائن اے سی بزنس کا کرایہ 1200روپے جبکہ راولپنڈی سے خانیوال تک2410روپے مقرر کیا گیا ہے ۔اسی طرح راولپنڈی سے بہاولپور تک گرین لائن اے سی بزنس کا کرایہ 3180روپے جبکہ راولپنڈی سے روہڑی تک نیا کرایہ 4430روپے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ گرین لائن اے سی بزنس کا راولپنڈی سے حیدرآباد کیلئے نیا کرایہ 5060روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اقدامات، معیاری خدمات اور وقت کی پابندی کی بدولت ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ برس 42,56,318 مسافروں نے ریل کا سفر کیا۔ایک سوال پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال پاکستان ریلویز 45ارب روپے کمائے گا جبکہ گزشتہ سال یہ آمدنی 38ارب روپے تھی۔ رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے رواں مالی سال

کے پہلے نو ماہ میں 1595.851 ملین روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 1612.618 ملین روپے کی آمدن حاصل کی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے پسینجر سروسز کے ذریعے نو ماہ میں مقررہ ہدف سے 16.767 ملین روپے اضافی کمائے ۔انہوں نے بتایاکہ گذشتہ برس ریلوے راولپنڈی ڈویژن کی مسافر ٹرینوں کی آمدن 1864.213 ملین روپے ،مال بردار ٹرینوں کی آمدن 448.728 ملین روپے رہی جبکہ دیگر مدوں میں ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے 290.919 ملین روپے کا ریونیو حاصل کیا۔ رضا علی حبیب نے مزید کہاکہ ریلوے انتظامیہ ،آفیسرز اور ورکرز کی کوششوں اور شبانہ روز انتھک محنت کی بدولت ریلوے راولپنڈی ڈویژن کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ راولپنڈی ڈویژن نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ریلوی32606.245 ملین روپے کے مقررہ ہدف سے 943.683 ملین روپے اضافی کماتے ہوئے اب تک مجموعی ریونیو33549.928 ملین روپے حاصل کر لیاہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں